بھٹکل:28/جنوری (ایس او نیوز)سیاحتی مرکز مرڈیشور ساحلِ سمندر کی سڑکوں کے کنارے باکڑا دکانوں کو موقع فراہم کرنے کے سلسلے میں مقامی گرام پنچایت کے آفیسران جب جگہوں کی نشاندہی کے لئے آگے بڑھے تو مقامی ماہی گیروں نے انہیں روک کر احتجاج کئے جانے کا واقعہ سنیچر کو پیش آیاہے۔
آفیسران بغیر کسی وجہ سنگھرش کو راستہ دے رہے ہیں، سڑک کنارے باکڑا دکانوں کو موقع فراہم کریں گے تو عوام کو خاص کر اسکولی بچوں کو چلنے پھرنے میں دقت ہوگی، پہلے سے ہی سڑک بہت تنگ ہے سواریوں کا گزرنا ہی مشکل سے ہوتاہے ۔ ان اسباب کی بنیاد پر آفیسرا ن جگہوں کی نشاندہی کے کام کو فوری طورپر روک دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ماہی گیروں نے برہمی کا اظہار کیا۔ حالات کے پیش نظر آفیسران نے نشاندہی کے کام کو درمیان میں ہی روک کر چل دئیے ۔ اس سلسلے میں پنچایت آفیسران نے کہاکہ اعلیٰ آفیسران کی ہدایات کے مطابق ہم یہاں کام کے لئے آئے تھے، مقامی عوام اس کی مخالفت کررہے ہیں تو دوبارہ ہم لوگ تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ مقامی سطح پر کچھ دیر کے لئے ماحول کشیدہ ہوگیا تھاجس کے تحت پولس کے انتظامات کئے گئے تھے۔